لاہور( محمد نواز طاہر /نمائندہ امت) پاکستان ریلوے نے سیلاب سے متاثر ہونے والا بین الاقوامی اورقدیم روٹ کا ٹریک ،ریکارڈ مدت میں بحال کرلیا ہے جس پر ٹریفک کی بحالی کا فیصلہ آج ہوگا جبکہ تجرباتی سفر میں اس ٹریک کو ’ او کے‘ کردیا گیا ہے ۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تفتان کے راستے ایران کے شہر زایدان جانے والا یہ ٹریک حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ناکارہ ہوگیا تھا۔دالبندین سے کوئٹہ تک ریلوے لائن بہہ گئی تھی اور راستے میں پل بھی منہدم ہوگئے تھے ۔ ریلوے ذرائع کے مطابق تباہ ہونے والا تین سو اٹھارہ کلومیٹر ریل ٹریک سیکڑوں مزدوروں تکنیکی ماہرین اور بھاری مشینری کی مدد سے بحال کیا گیا۔ اس سیکشن پر پر ایک سو چار پُل منہدم ہوگئے تھے ۔
ان میں سے ایک پل کو مرکزی حیثیت حاصل تھی جہاں اب ہنگامی متبادل ٹریک بنایا گیا ہے ۔ یہاں پر ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے ایران کے راستے ترکی سےسیلاب متاثرین کیلئے سامان لانے والی گاڑیاں دالبندین تک پہنچ رہی تھیں ، نئے ٹریک پر ریلوے کے سپیزنڈجنکشن ( کوئٹہ شہر سے کچھ فاصلے پر) پدھک روڈ تک ایک ریلوے انجن نے آزمائشی سفر کیا اور اسے کامیاب قراردیا گیا ہے ، آج کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس میں اس مکمل روٹ پر پہلی گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا جائے گا ، ممکنہ طور پر پہلی کارگو ٹرین اب دالبندین سے کوئٹہ پہنچے گی اور اس کے ساتھ ہی پاکستان سے بھی ایران کے لئے فریٹ ٹرین سروس شروع ہوجائے گی ۔