یوکرین کے چار مقبوضہ علاقوں میں منعقدہ ریفرنڈم میں روس سے الحاق کے حق میں فیصلہ آگیا، چاروں یوکرینی علاقوں کی روس میں شمولیت کی تقریب آج کریملن میں ہوگی۔
تقریب کی میزبانی روسی صدر پیوٹن کریں گے۔
کریملن کے مطابق یوکرین کے اٹھارہ فیصد مقبوضہ حصے کی روس میں باقاعدہ شمولیت کی تقریب آج ہوگی، تقریب میں روسی صدر یوکرینی مقبوضہ علاقوں کے روس کا حصہ بننے کا اعلان کریں گے۔
صدر پیوٹن چاروں مقبوضہ یوکرینی علاقوں کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
یوکرینی علاقوں ڈونیٹسک،لوہانسک، خیرسون اور زاپورزیا میں روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسندوں نے روس سے الحاق کے لیے گزشتہ ہفتے ریفرنڈم کرایا تھا۔
پانچ روز جاری رہنے والی پولنگ میں روس سے الحاق کے حق میں ووٹ دیے گئے ہیں، دوسری جانب یوکرین اور مغربی ممالک نے ریفرنڈم کو مسترد کر دیا ہے۔