لاہور(نواز طاہر /نمائندہ امت) پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے بے نامی اثاثوں میں اپنی ساس کا نام بھی استعمال کیا جنہوں نے برطا نیہ میں آف شور کمپنی کے ذریعے ایک کروڑ روپے سے زائد کی ٹرنزیکشن کی۔ یہ انکشاف عمران خان کی وزارتِ اعظمیٰ کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات میں ہوا ہے اور اس کا مقدمہ بھی اسی دور میں درج ہوا تھا۔
مونس الٰہی کے جو اثاثے ان کی ملکیت قراردیے گئے ہیں ان میں رحیم یار خاں شوگر ملز کے اکثریتی شیئرز شامل ہیں اور ان شیئرز کی خریدو فروخت میں مونس الٰہی کی ساس مہ رخ جہانگیر نے بھی برطانیہ میں آف شور مالیاتی کمپنی سے ایک کروڑ تینتیس لاکھ روپے مالیت کے رحیم یار خان شوگر ملز کے شیئرز خریدے اور بعد میں یہ شیئرز اپنی صاحبزادی تحریم الٰہی کے نام منتقل کردیے۔ ایف آئی اے کی فائنڈنگز کے مطابق س جس وقت یہ شیئرز خریدے گئے اس وقت مہ رخ جہانگیر کا زریعہ آمدنی تنخواہ تھا اور ان کا پاکستان میں کوئی اثاثہ نہیں تھا۔ اس کیس میں کچھ دیگر خواتین کا ذکر بھی موجود ہے۔ تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔