لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے احساس راشن رعایت پروگرام کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کا آج آغاز کر دیا ہے،عمران خان کے ویژن کے مطابق یہ 4 سال سے چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثانیہ نشتر نے اس پروگرام کے لیے بہت محنت کی ہے اور اس پروگرام میں کسی قسم کی گڑھ بڑھ نہیں ہو سکتی۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ماڈل ٹاؤن کیس میں عمر قید کی سزا ہو گی۔ عمران خان کو کچھ نہیں ہو گا اور ہمارا کام رکا نہیں بلکہ بہتر طور پر چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف بڑھکیں مارتے ہیں ان سے کچھ نہیں ہونا اورانہوں نے عام لوگوں کے لیے کبھی کچھ نہیں کیا۔ جب سے یہ آئے ہیں کسی غریب کا کام نہیں ہوا اور رانا ثنا اللہ کو سنجیدہ نہ لیا کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ دیا اور ہمیشہ دیتے رہیں گے ، ہم نے ہمیشہ مثبت سیاسی روایات قائم کیں ، عرمان خان پاکستان کے مقبول لیڈر ہیں ، ہم نے مسلم لیگ (ن) کی طرح انتقامی سیاست کبھی نہیں کی ۔