عمران خان آج اپنے خطاب میں اگلے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔فائل فوٹو
عمران خان آج اپنے خطاب میں اگلے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔فائل فوٹو

شاہ محمود قریشی نے اگلے دو تین روز اہم قرار دیدیے

ملتان :سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اگلے دو تین روز اہم قرار دیدیے،کل رات کپتان نے اشارہ دیا، تیار رہیں کسی بھی وقت احتجاج کی کال دے سکتا ہوں ،میں ابھی اسلام آباد جا رہا ہوں۔

اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قانونی سیاسی میدان میں حکومت کا مقابلہ کرنے کو تیار ہے، اگلے چند دن بہت اہم ہونگے، ہمارا دامن صاف ہے، ہم جواب دہ ہوں گے، عمران خان نے کل اشارہ دیا کسی بھی وقت کال دے سکتے ہیں، عمران خان کی کال ملک کو حکومت سے نجات دلانے کیلیے ہوگی، پارٹی کارکنوں کو پورے پاکستان میں تیار رہنا چاہیے، سیاسی طور پر حکومت بند گلی میں جا چکی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلے سے کوئی گھبراہٹ نہیں، حکومت مقدمات درج کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے۔سائفرپرعمران خان نے ذمے داری کا مظاہرہ کیا اور کابینہ نے بھی سائفر کی اہمیت کا اعتراف کیا ہے۔ حکومت ہم پر مقدمات درج کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے، ہم جواب دہ ہوں گے اور ہیں۔ میں نے سابق سفیر کی ڈونلڈ لو سے ملاقات کا مراسلہ پڑھا ہے اور ہم نے مراسلہ چیف جسٹس اور اسپیکر کو بھی پیش کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومتی فیصلے سے ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں لیکن مراسلہ وزیراعظم ہاؤس سے غائب ہونے کا ذمے دار کون ہے؟ مراسلہ کہاں اور کس نے غائب کیا اس پر تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس کی آڈیو لیک ہونے پر تحقیقات کی جانی چاہیے اورکل رات کا واقعہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ مراسلہ آپ کی ناک کے نیچے سے نکل گیا اس کا ذمے دار کون ہے؟۔