لاہور ( اُمت نیوز) چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد وسیم اکرم نے لائیو شو میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو لاجواب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین ڈکٹ بولرز خاص طور پر اسپنرز کو سیٹ نہیں ہونے دیتا،وہ ہر جگہ شاٹس کھیلتا ہے،اگر میں پاکستان کیخلاف کھیلوں تو مجھے پتہ ہوگا کہ بیٹرز کو کدھر شاٹس کھیلنا ہیں،وہ ورسٹائل نہیں ہیں،کوئی کوشش بھی نہیں کرتا،360اسٹروکس کی بات تو زیادہ ہی ہوجائے گی،180ہی کرلیں۔
وسیم اکرم نے محمد یوسف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ پریکٹس کرتے ہیں، اگر کرتے ہیں تو اس کا میچ میں استعمال کیوں نظر نہیں آتا۔
اس کے جواب میں محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کرتا ہوں،ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق سے روزانہ بات کرتا ہوں کہ بیٹرز میدان کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلیں تاکہ بولرز کو مشکل پیش آئے،نیٹس میں اس کی پلاننگ بھی ہوتی ہے،اسپنرز کو کھیلتے ہیں تو میں پیچھے کھڑا ہوکر ان کو مختلف اسٹروکس کے بارے میں بتاتا ہوں،ہم کھیلتے تھے تو اندازہ ہوتا تھا کہ گیند کہاں آئے گی۔
نیٹس میں بیٹرز کو ریورس سوئپ اور سادہ سوئپ کے بارے میں بتاتا ہوں،وہ کوشش بھی کرتے ہیں،ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں خوشدل شاہ نے ریورس سوئپ کھیلے،انھوں نے معین علی کی گیندوں پر اسی انداز کی کوشش کی،نہیں جانتا کہ مجھ سے پہلے والے یہ رہنمائی کرتے رہے لیکن میں کوشش رہتا ہوں۔