سپریم کورٹ شہبازگل کی ضمانت کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردے ۔فائل فوٹو
سپریم کورٹ شہبازگل کی ضمانت کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردے ۔فائل فوٹو

شہباز گل کی ضمانت منسوخی کیلیے درخواست سپریم کورٹ میں دائر

اسلام آباد: حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی ضمانت منسوخی کیلیے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی ۔

درخواست ریاست  کی اسلام آباد سٹی مجسٹریٹ نے دائرکی ،درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ شہبازگل پرریاست سے غداری کا الزام ہے ،شہباز گل نے بغاوت پراکسانے کی کوشش کی ، سپریم کورٹ شہبازگل کی ضمانت کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردے ۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں شہباز گل کی ضمانت منظورکی تھی ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے 6 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ تحریر کیا جس میں قرار دیا گیاہے کہ شہباز گل کا بیان لاپروائی اور غیر ذمہ دارانہ تھا، سیاسی جماعت کے ترجمان اور ماہر تعلیم ہونے کے دعویدار سے لاپروا بیان کی امید نہیں تھی جب کہ افواج پاکستان کی جانب سے مقدمے میں کوئی شکایت نہیں کی گئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان کا نظم و ضبط اتنا کمزور نہیں کہ کسی سیاسی لیڈر کے لاپروا بیان سے متاثر ہوجائے، پولیس کوئی شواہد نہیں دے سکی کہ شہباز گل نے بیان سے پہلے یا بعد میں کسی افسر یا سپاہی سے رابطہ کیا۔شہباز گل سے تفتیش مکمل ہوچکی، مزید جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔