وفاق نےسیلاب متاثرین کیلئے ایک پائی نہیں دی۔ پرویز الٰہی

 وزیراعلیٰ پنجاب چودھر ی پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں اوورسیز پاکستانیوں نے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی ٹیکساس کے صدرراشد بخاری نے وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کو وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں 30لاکھ روپے کا چیک دیا۔کینیڈا سے آنے والے اوورسیز پاکستانی شاہد بٹ نے ٹیلی تھون کے دوران اعلان کردہ رقم کا چیک وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں دیا۔  وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بتایا کہ افسوس کی بات ہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی اور وفاق نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ایک پائی تک نہیں دی۔وفاق کا طرز عمل ہر لحاظ سے قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی اپیل پر اوورسیز پاکستانیوں نے جس طرح سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے رقم دی وہ جذبہ قابل قدر ہے۔عمران خان کی آواز پر اربوں روپے جمع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ وہ عمران خان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ مخالفین صرف باتیں بناتے ہیں جبکہ عمران خان کرکے دکھاتا ہے۔