لاہور(امت نیوز) علیم خان کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں کیخلاف مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل نے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت علیم خان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے اور پولیس ان کی ہاﺅسنگ سوسائٹی پر چھاپے مار رہی ہے۔ ایوان علیم خان کے خلاف حکومت کی انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔ قرارداد کے مطابق سیاسی مخالفت کی بناء پر حریفوں کو نشانہ بنانا باعث تشویش ہے، علیم خان کيخلاف انتقامی کارروائیوں سے ان کے ووٹرز کو اشتعال دلایا جارہا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سابق رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان کے خلاف پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے۔