اسلام آباد(امت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کا معاملہ پارلیمنٹ پہنچ گیا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا معاملہ سینیٹ میں اٹھادیا۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے، شکایتیں ہیں کہ کرکٹ ٹیم کی سلیکشن میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ ورلڈکپ آنے والا ہے اور گزشتہ کئی سیریز ٹیم ہار چکی ہے، معاملہ کمیٹی میں بھیجا جائے، اس پر بحث اور جائزہ ضروری ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھیجنے کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو بآسانی 67 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-4 سے اپنے نام کرلی تھی۔