بچوں کا اغوا روکنے کیلئے مساجد سے اعلانات شروع

بچوں کے اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے ملک بھر میں والدین میں سراسیمگی پھیلا دی ہے ۔ راولپنڈی اسلام آباد کی کئی مساجد اور مدارس سے یہ اعلانات کیے جارہے ہیں کہ والدین اپنے بچوں کو قرآنی تعلیم کے لئے اپنی حفاظت میں مسجد و مدرسہ لائیں اور لے جائیں۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کمسن بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ بعض لوگ سوشل میڈیا پر اسے بڑھا چڑھا کر بھی پیش کر رہے ہیں ۔
دوسری طرف حکومت اور متعلقہ اداروں نے بھی اس صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے ۔ پولیس اور خفیہ ادارے کمسن بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے افراد کو اچانک چیک کرتے ہیں اور مشکوک پائے جانے کی صورت میں پوچھ گچھ کی جاتی ہے ۔
مدارس اور مساجد کی انتظامیہ نے بھی مذکورہ صورت حال کے پیش نظر والدین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کے اپنے بچوں کو خود مسجد لانے اور لے جانے کی ذمہ داری پوری کریں ۔