’’ڈونلڈ ٹرمپ اپنے داماد کو برطرف کرنا چاہتے تھے‘‘امریکی صحافی کا دعویٰ

نیویارک(امت نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر لکھی گئی امریکی صحافی میگی ہیبرمین کی کتاب ’کانفیڈنس مین‘ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹرمپ اپنی بیٹی ایوانکا اور داماد جیرڈ کشنر کو برطرف کرنا چاہتے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر لکھی جانے والی امریکی صحافی میگی ہیبرمین کی کتاب شائع ہوگئی ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کتاب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹرمپ اکثر اپنے داماد جیرڈ کشنر کے بارے میں تحقیر آمیز لہجے میں بات کرتے تھے۔
ٹرمپ کوویڈ 19 کے باعث مرنے سے خوفزدہ تھے، انہوں نے نیویارک کے اس وقت کے گورنر اینڈریو کوومو کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ٹی وی پر وائرس کے بارے میں بات نہ کریں۔
کتاب میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر نے سرکاری دستاویزات وائٹ ہاؤس کے ٹوائلٹ میں بہائیں۔
ٹرمپ نے میکسیکو میں منشیات بنانے والی لیبارٹریوں پر بمباری کا سوچا تھا، اس تجویز نے سابق امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کو حیران کر دیا تھا۔ ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں اپنی جائیداد کا ذکر کیا تھا۔
کتاب کے مطابق ٹرمپ نے نیویارک سٹی کے سابق میئر گیولانی سے کہا تھا کہ وہ 2020 کے انتخابی نتائج بدلنے کے لیے کچھ بھی کریں۔
ٹرمپ نے ٹیکس نہ دینے کیلئے بھی عذر تراشا تھا۔ ٹرمپ اپنے ٹیکس گوشواروں کو جاری کرنے سے انکاری تھے۔