’’ہے دل کیلئے موت مشینوں کی حکومت‘‘ اب آلو کی فرائز بھی روبوٹ تلیں گے!

واشنگٹن(امت نیوز) کیلیفورنیا میں ایک کمپنی نے ’فلپی 2‘ کے نام سے ایسے روبوٹ تیار کرنا شروع کیے ہیں جو خودکار انداز میں آلو اور پیاز کی فرائز تیار کر لینے کے علاوہ دیگر کھانے بھی پکا لیتے ہیں۔
ایک مشینی بازو پر مشتمل یہ روبوٹ خودکار پلانٹس میں کیمروں اور مصنوعی ذہانت کے ساتھ حرکت میں آتا ہے۔
فریزر سے آلو اور پیاز کے منجمد شدہ فرائز نکالتا ہے اور انہیں ابلتے ہوئے تیل میں ڈال دیتا ہے۔
صرف یہی نہیں اس کے بعد ان تیار شدہ فرائز کو ٹرے میں منتقل کرتا ہے اور کھانے کے لیے پیش کر دیتا ہے۔
’فلپی 2‘ اس کے علاوہ بھی متعدد کھانے مختلف ریسپیز کے ساتھ بیک وقت تیار کرلیتا ہے۔ اس کی بدولت کیٹرنگ کرنے والے اسٹاف کی پہلے جتنی ضرورت نہیں رہی کیونکہ یہ آرڈرز کی تکمیل زیادہ تیزی کے ساتھ کر سکتا ہے۔
روبوٹ بنانے والی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مائیک بیل نے ایک انٹرویو میں بتایا ‘جب ریستوران کے سسٹم کے ذریعے کسی کھانے کا آرڈر آتا ہے تو سسٹم خودکار طریقے سے یہ آرڈر روبوٹ کو منتقل کر دیتا ہے۔ یہ مقابلتا زیادہ تیزی کے ساتھ کام کرتا ہے، زیادہ قابل بھروسا ہے، حتیٰ کہ انسانوں سے زیادہ خوش بھی رہتا ہے۔ ‘
انہوں نے بتایا کہ اس روبوٹ کی تیاری میں پانچ سال لگ گئے اور اب یہ کاروباری پیمانے متعارف کرائے جارہے ہیں۔
مائیک بیل نے بتایا کہ جب ہم نے روبوٹ سے شروع میں فرائی اسٹیشن پر کام لینا شروع کیا تو گاہک اسے دیکھ کر اس کے بارے میں سوال پوچھتے، اس کی تصاویر اور ویڈیوز بناتے۔ مزید کئی سوال و جواب کرتے لیکن جب وہی گاہک دوسری یا تیسری بار آتے تو ان کی دلچسپی نہ رہتی۔
اب ہم اس روبوٹ کی ورکنگ کو ساتھ ہی ساتھ اسکرین پر بھی دکھا رہے ہیں۔ اب تو کئی ریستورانوں نے اپنے فرائی اسٹیشنون کے لیے یہ روبوٹ حاصل کر لیے ہیں۔ تین بڑی امریکی فوڈ چینز نے بھی روبوٹس کی مدد لے لی ہے۔ تاہم وہ اس امر کی احتیاط کی وجہ سے کہ اس سے انسانوں کے بےروزگار ہونے کی باتیں ہوں گی، اپنے زیراستعمال روبوٹس کی پبلسٹی نہیں کر رہی ہیں۔
بیل کے مطابق ‘جو کام انسان جلدی سے چھوڑنے کو تیار ہوجاتے ہیں، وہ فرائی اسٹیشن کا کام ہے لیکن وہ وقت دور نہیں جب اس طرح ہر جگہ روبوٹس کو کام کرتے دیکھیں گے اور پھر انسانوں کو یاد کریں گے کہ ایک دور تھا جب یہ کام انسان کیا کرتے تھے۔