راولپنڈی(اُمت نیوز)پہلی پاکستان جونیئر لیگ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہوگئی ہے۔
ماضی کے کرکٹ اسٹارز اور اُبھرتے ہوئے تارے جب گلوکاری کے ستاروں کے ساتھ لاہور میں اُترے تو قذافی اسٹیڈیم نے کہکشاں کا روپ دھار لیا۔پاکستان جونیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔
تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے جونیئر لیگ کے آئیڈیے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے مستقبل کے لیے ٹیم کو اسٹارز ملیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہر ٹیم میں موجود لیجنڈز کرکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔
اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں جونیئر ٹیموں نے اپنے مینٹورز کے ہمراہ مارچ پاسٹ بھی کیا،لیگ کی ٹیموں میں موجود مینٹورز کا تعارف کروایا گیا ، کولن منرو، شعیب ملک، عمران طاہر، ویوین رچرڈز، شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی اسٹیج پر آئے۔
دوسری جانب جسٹن بی بی،طلال قریشی اور دیگر گلوکاروں نے مل کر پاکستان جونیئر لیگ کا آفیشل سونگ گایا جبکہ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا دلکش مظاہرہ کیا گیا۔
افتتاحی میچ میں مردان واریئرز اور گوجرانوالہ جائنٹس کی ٹیمیں مدمقابل ہیں