ایکسپورٹ انڈسٹری کیلئے بڑی رعایت کا اعلان، بجلی20 روپے فی یونٹ ملے گی

اسلام آباد(امت نیوز) حکومت نے ایکسپورٹ انڈسٹری کو 19 روپے 99 پیسے فی یونٹ بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کو 9 سینٹ پر بجلی دی جائے گی اور دو ماہ انہیں 9 سینٹ پر بجلی دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایکسپورٹس کی ضرورت ہے، اپٹما نے 12.7 فیصد ایکسپورٹ بڑھائی، آج برآمد کنندگان کے ساتھ مذاکرات ہوئے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وسائل میں رہتے ہوئے ایکسپورٹرز اور کسانوں کیلئے جو بھی ممکن ہے، وہ کر رہے ہیں، برآمد کنندگان سے روپے میں بات ہوئی ہے، اب یہ سینٹس میں بات نہیں کریں گے۔
ٹیکسٹائل سیکٹر سے فی یونٹ بجلی کی قیمت 19 روپے 99 پیسے لی جائے گی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کے یہ نرخ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے نہیں، پانچوں برآمدی شعبوں کیلئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری واپسی ہوتے ہی مارکیٹ نے اپنا کام شروع کر دیا، حکومت کو سالانہ 90 سے 100 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی۔
جب وزیر خزانہ سے سوال کیا گیا کہ کیا آئی ایم ایف کو بجلی کی اس قیمت پر اعتماد میں لیا؟ اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ مجھے آئی ایم ایف کو اعتماد میں لینے کی ضرورت نہیں، مجھے معلوم ہے کہ کیا کررہا ہوں ، میرے پاس جواز موجود ہے،جب آئی ایم ایف والے آئیں گے تو بات کرلیں گے۔