کرائسٹ چرچ:قومی کرکٹ ٹیم نے سہ ملکی سیریز کے آج پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 21رنز سے شکست دیدی ، میچ جیتنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم پہلے پاور پلے میں 50 رنزکرنا چاہتے تھے ۔
نیوزی لینڈ میں سہ ملکی سیریز میں میزبان ملک ، پاکستان اور بنگلہ دیش مقابل ہیں ،پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے ۔
محمد رضوان 50 گیندوں پر78 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ، بابراعظم نے 25 گیندوں پر 22،شان مسعود نے 22 گیندوں پر 31 رنز بنائے ۔ حیدرعلی نے 6 ،افتخار احمد نے 13،آصف علی نے 4 سکور بنائے ۔ محمد نواز 5 گیندوں پر 8 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
167 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا پائی ۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 3 ،محمد نواز نے 2 جبکہ شاہنواز دھانی ، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔