واشنگٹن(امت نیوز) امریکی صدر جو بائیڈن نے متنبہ کیا ہے کہ اگر روسی صدر پوتن نے یوکرین کی جنگ جیتنے کی دھن میں جوہری اسلحہ استعمال کر دیا تو دنیا کو ایک "آرماگیڈن” کا سامنا ہوگا۔
امریکی صدر نے دور حاضر کو درپیش جوہری جنگ کے خطرات سے متعلق نیویارک میں منعقدہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ایک فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ گزشتہ 6 دہائیوں کے دوران پہلی بار ایسا دیکھنے میں آیا ہے کہ دنیا جوہری جنگ کے اتنے قریب آچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر جان ایف کینیڈی کے دور میں امریکا اور کیوبا کے درمیان میزائل بحران کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ہم آرماگیڈن کے قریب آ چکے ہیں۔
بائیڈن نے روسی صدر پوتن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں، وہ جوہری اور بایولوجیکل اسلحے کے استعمال پر مذاق نہیں کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ آرماگیڈن کا مطلب قوموں کے درمیان ایک ایسی آخری خوفناک اور تباہ کن عالمگیر جنگ ہے، جو بالآخر دنیا کے خاتمے کا باعث بنے گی۔