شام میں سرکاری فوج کےزیرقبضہ علاقےمیں امریکاکی پہلی چھاپہ مار کارروائی

واشنگٹن(امت نیوز) امریکی مرکزی کمان (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام میں ایک گاؤں پر ہیلی کاپٹرسے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں داعش کا ایک مبیّنہ عہدہ دار ہلاک اور اس کا ایک ساتھی زخمی ہوگیا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات شمال مشرقی شام میں واقع قصبے قامشیلی کے قریب ایک گاؤں میں ہیلی کاپٹر سے چھاپہ مار کارروائی کی گئی، اس میں داعش کے ایک اہلکار وحید الشمری کو نشانہ بنایا گیا تھا،وہ داعش کی کارروائیوں میں معاونت کے لیے ہتھیاروں اور جنگجوؤں کی اسمگلنگ میں سہولت مہیا کرتا تھا۔
اس چھاپے کے دوران داعش کے دو دیگر ارکان کو گرفتارکرلیا گیا۔
مرکزی کمان کے ترجمان کرنل جو بوکینو نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران کوئی امریکی فوجی یا کوئی عام شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا، امریکی سازوسامان کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
شام کے شمال مشرق میں واقع یہ گاؤں صدر بشارالاسد کی حکومت کے کنٹرول میں ہے۔
امریکا اس سے قبل بھی شام میں داعش کے ارکان کے خلاف چھاپہ مارکارروائیاں کرتا رہا ہے لیکن گزشتہ روز صدر بشارالاسد کی وفادار فوج کے زیرقبضہ علاقے میں یہ اس کا پہلا آپریشن تھا۔