بیلجیئم،برطانیہ (اُمت نیوز) بیلجیئم میں جشن عید میلاد النبیﷺ پر جلوس کا اہتمام کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ،جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ایک عظیم الشان جلوس بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے علاقہ مولن بیک میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا۔
یہ جلوس پچھلے 20 سالوں سے زائد عرصہ سے مولن بیک کی مختلف شاہراؤں سے پولیس کی نگرانی میں نکالا جاتا ہے۔ جامعہ اسلامیہ مولن بیک کی انتظامیہ جلوس کے تمام انتظامات اور امور کو سرانجام دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
جلوس مولن بیک پلس بیتر سے شروع ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دارالعلوم جامعہ اسلامیہ مولن بیک برسلز پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔
عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ سے حضرت علامہ مولانا محمد حنیف ساقی اور معروف نعت خواں حافظ خلیل سلطان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
جلوس نماز عصر کے وقت شروع ہوا جبکہ بلیجیئم بھر سے عاشقان مصطفیٰﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مہمانوں کی تواضع کےلیے مولن بیک پلس میں میونسپل کمیٹی کی جانب سے اسٹالز بھی لگائے گئے جہاں سموسے، چنے حلوا پوری، کھیر اور مختلف مشروبات مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
جلوس میں پولیس اور سیکیورٹی کے انتظامات مولن بیک کی سابقہ پولیس کونسلر شازیہ منظور نے احسن طریقے سے سرانجام دیے۔
برسلز کی فضائیں نعرہ تکبیر اور مرحبا مرحبا یا رسول اللّٰہﷺ کے نعروں سے گونجتی رہیں۔
جلوس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مراکش کے ثناء خوانوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
بعد ازاں دارالعلوم جامعہ اسلامیہ مولن بیک برسلز میں میلاد کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی سمیت مقامی علماء نے رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت حسنہ پر اپنے اپنے انداز میں پُرجوش خطاب کیے جبکہ حضرت محمدﷺ کی بارگاہ اقدس میں گل ہائے عقیدت بھی پیش کیے گئے۔
جشن عید میلادالنبیﷺ برطانیہ میں بھی مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔
ذرائع کے مطابق راچڈیل شہر میں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس سلسلے میں نکالے گئے جلوس کے احتتام پر پاکستان کی سلامتی اور سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔