’’تاریخ سے سبق سیکھیں‘‘ پاپائے روم کا عالمی طاقتوں کو مشورہ

وٹیکن سٹی(امت نیوز) رومن کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسیس نے اپنے پیغام میں جوہری جنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
انہوں نے ویٹی کن میں روایتی دعائیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 60 سال قبل کونسل کے آغاز کے حوالے سے ہمیں جوہری جنگ کے اس خطرے کو نہیں بھولنا چاہیے جس نے اس وقت دنیا کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔
پوپ فرانسس اکتوبر1962 میں کیوبا کے میزائل بحران کا حوالہ دے رہے تھے۔
پوپ نے سوال کیا کہ ’’ہم تاریخ سے کیوں نہیں سیکھتے؟ یہاں تک کہ اس وقت بھی تنازعات اور بڑے پیمانے پر تناؤ تھا لیکن امن کا راستہ منتخب کیا گیا تھا۔‘‘
پوپ فرانسس نے گزشتہ جمعرات کو تھائی لینڈ میں "تشدد کے غیرعاقلانہ عمل” کے متاثرین کے لیے دعا بھی کی۔
وہ تھائی لینڈ میں گزشتہ ہفتے بدترین قتل عام کا حوالہ دے رہے تھے، جہاں دو درجن بچے ان 36 افراد میں شامل تھے جنھیں ایک حملہ آور نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔