اسلام آباد:منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کے شیئرہولڈر اور مالک ہیں،جج نے کہاکہ اس بات کا کیا ثبوت ہے کہ پیسے کا لین دین اور ٹرانسفر حمزہ شہباز کے کہنے پر ہوا،وکیل ایف آئی اے فاروق باجوہ نے کہاکہ اس بات کا ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمہ کی سماعت ہوئی، ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز عدالت کے روبروپیش ہوئے، عدالت نے ملک مقصود کے اکاﺅنٹس کی تفصیلات پوچھ لیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملک مقصود کے کتنے اکاﺅنٹ ہیں، ان میں کتنی رقوم آئیں؟پراسیکیوٹر نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ ملک مقصود کے 8 اکاﺅنٹ ہیں ،کسی بے نامی دار نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے اکاﺅنٹ میں پیسے جمع نہیں کرائے،عدالت نے کہا اس کا مطلب ہے شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے کسی اکاﺅنٹ میں رقم جمع کرائی نہ نکلوائی ۔
وکیل امجد پرویز نے کہاکہ کسی گواہ نے شہبازشریف یا حمزہ شہباز کا نام تک نہیں لیا،اگر کوئی ایسا بیان آ جائے تو میں عدالت سے باہر چلا جاﺅں گا،عدالت نے کہا میں نے پڑھا ہے سب کی شہادتوں کو،کوئی کہتا ہے کہ فلاں کاروبارکرتا ہے کوئی کہتا ہے کچھ کاروبار کرتا ہے۔
وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کے شیئرہولڈر اور مالک ہیں،جج نے کہاکہ اس بات کا کیا ثبوت ہے کہ پیسے کا لین دین اور ٹرانسفر حمزہ شہباز کے کہنے پر ہوا،وکیل ایف آئی اے فاروق باجوہ نے کہاکہ اس بات کا ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں۔