ترکیہ : کان میں دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد 28ہوگئی

انقرہ : ترکیہ کے صوبے بارتین کے علاقے آماسرہ کی ایک میں کان میں دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد  28  ہوگئی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔۔ترک میڈیا کے مطابق کان میں 110 کان کن کام کر رہے تھے، کان کن اس وقت   300 میٹر گہرے حصے میں موجود تھے ۔ترک حکام کے مطابق کان   سے 11  کان کنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہےجنہیں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ  اب بھی 49 کان کن پھنسے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو فوٹیج میں بحیرہ اسود کے ساحل پر واقع اماسرہ میں واقع اس جگہ  پر امدادی کارکنوں  سمیت کان کنوں کو بھی   آبدیدہ دیکھا جاسکتا ہے ، لاپتہ افراد کے اہل خانہ اور دوست ، جو اپنے پیاروں کی خبر کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے  تاہم مقامی پراسیکیوٹر آفس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ  ترک صدر رجب طیب اردگان جائے وقوعہ کا دورہ کریں گے۔