سعودی عرب(اُمت نیوز)تیل کی پیداوار سے متعلق تنازع اور امریکی دھمکی پر سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کے چچازاد بھائی اور شہزادے سعود الشعلان نے بھی جہاد کا اعلان کردیاہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے اوپیک پلس کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے فیصلے پر سعودی عرب کو دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ سعودی عرب کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
بائیڈن کی دھمکی پر سعودی شہزادے اور ولی عہد محمد بن سلمان کے چچا زاد بھائی سعود الشعلان نے کہا تھا کہ اگرکسی نے چیلنج کیا تو ہم سب شہادت اور جہاد کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کیلئے میرا پیغام ہے کہ کسی نے بھی سعودی عرب اور بادشاہت کو چیلنج کیا تو ہم سب جہاد اور شہادت کیلئے تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ میرا پیغام ہر کسی کیلئے ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ ہمیں خوف زدہ کرسکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے امریکی دھمکی پر سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کیا ہے اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتا ہے اور دھمکی آمیز بیانات پر پاکستان سعودی قیادت کے ساتھ کھڑا ہے۔