نیویارک(امت نیوز) تازہ ترین بین الاقوامی اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2022ء میں دنیا کی آبادی 8 ارب نفوس تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اقوام متحدہ نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنی ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس رپورٹ میں کہا ہے کہ 2023 تک بھارت آبادی کے معاملے میں چین کو پیچھے چھوڑ دے گا اور وہ دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ صحت کے شعبے میں حیرت انگیز پیش رفت پر شکرگزار ہوں جس نے عمر میں اضافہ کیا اور زچہ وبچہ کی شرح اموات کو ڈرامائی طور پر کم کیا ہے۔ یہ کرہ ارض کی دیکھ بھال کرنے کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی ہے اور اس بات پرغور کرنے کا لمحہ ہے کہ ہم اب بھی ایک دوسرے کے ساتھ اپنے وعدوں سے کہاں پیچھے رہ گئے ہیں۔
دنیا کی آبادی اس وقت 1950 کے بعد سب سے کم شرح سے بڑھ رہی ہے۔
یہ 2020ء میں 1 فی صد سے بھی کم ہوگئی تھی۔
اقوام متحدہ کے تازہ ترین تخمینے کے مطابق عالمی آبادی 2030 تک 8.5 ارب، 2050 میں 9.7 ارب اور 2080 کی دہائی تک 10.4 ارب تک بڑھ سکتی ہے۔