بیمار ہونے ک ڈر،50 سال تک نہ نہانے والے شخص کا انتقال

ایران(اُمت نیوز)کئی دہائیوں سے نہانے سے اجتناب کرنے والا ایرانی شخص انتقال کرگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کا گندہ ترین شخص کہلانے والے آمو حاجی نامی ایرانی شخص کا انتقال 94 سال کی عمر میں جنوبی صوبے فارس میں ہوا۔

آمو حاجی کے بارے میں بتایا جاتا ہےکہ اس نے 50 سال سے زائد عرصے تک پانی اور صابن کا استعمال نہیں کیا، آمو حاجی کا کہنا تھا کہ  وہ ا س لیے نہانے سے پر ہیز کرتا ہے کیونکہ اس کے خیال میں ایسا کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور وہ بیمار بھی ہو سکتا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مقامی افراد کی جانب سے متعدد بار آمو کو  نہلانے اور صاف ستھرا کرنے کی کوشش کی گئی پر وہ ناکام رہے تاہم چند ماہ قبل اس نے ہتھیار ڈال دیے تھے اور مقامی افراد اسے نہلانے میں کامیاب ہوگئے۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق نہانےکے بعد سے آمو بیمار  رہنے لگا تھا اور گزشتہ اتوار کو انتقال کرگیا۔

آموحاجی کی زندگی پر 2013 میں ایک مختصر ڈاکومنٹری بھی بنائی گئی تھی جس کے باعث دنیا بھر میں اسے شہرت ملی، آمو حاجی کے انتقال کی خبر  بھی عالمی میڈیا میں نمایاں اہمیت حاصل کرگئی ہے۔