برطانیہ(اُمت نیوز)نومنتخب برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے اپنی کابینہ کی تقرری شروع کردی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سویلا بریورمین دوبارہ وزیرداخلہ کے عہدے پر تعینات کی گئی ہیں۔ وہ سابق وزیراعظم لِز ٹرس کی کابینہ میں بھی وزیرِداخلہ کے عہدے پر فائز تھیں۔ سیکورٹی پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر انہیں اپنی عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔
جبکہ گرانٹ شاپس کی وزیرتجارت، توانائی اور صنعت کے عہدے پر تعیناتی کی گئی ہے۔ لِز ٹرس نے گرانٹ شاپس کو سویلا بریورمین کی جگہ وزیر داخلہ بنایا تھا۔
پینی مورڈنٹ دوبارہ لیڈر آف دی ہاؤس آف کامنز تعینات ہوئی ہیں۔ پینی مورڈنٹ کنزرویٹو پارٹی کی لیڈرشپ انتخاب میں رشی سونک کے مد مقابل تھیں۔
پارٹی لیڈرشپ انتخابات کےآخری لمحات میں پینی مورڈنٹ کی دستبرداری سے رشی سونک بلامقابلہ پارٹی لیڈرمنتخب ہوئے تھے۔
جیلین کیگن وزیر تعلیم، میل اسٹرائیڈ وزیر ورکس اینڈ پینشن، سابق ڈپٹی وزیراعظم ٹریز کوفی وزیر برائے خوراک اور ماحولیات، اسٹیو بارکلے وزیرصحت، کیمی بیڈنوک خواتین اور مساوات کی وزیرمقرر کی گئی ہیں۔
اسی طرح مائیکل گوو ہاؤسنگ اور کمیونیٹیز، مشیل ڈونیلین میڈیا، ثقافت اور کھیلوں کی وزیر تعینات کی گئی ہیں۔ کرس ہیٹن ہیرس سیکرٹری برائے شمالی آئرلینڈ، الیسٹر جیک سیکریٹری برائے اسکاٹ لینڈ اور ڈیوڈ ڈیوس سیکریٹری برائے ویلز تعینات ہوئے ہیں۔
وزیراعظم رشی سونک کی جانب سے کابینہ میں سینئر وزراء کی تعیناتیوں کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ کابینہ میں جونیئر وزراء کی تعیناتیاں کل ہوں گی۔