اسلام آباد(اُمت نیوز)چینی صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہبازشریف 2 روز کے سرکاری دورے پر آج چین جائیں گے ۔وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورہ چین ہے۔
ذرائع کے مطابق کورونا کے بعد چین میں پاکستانی طلبہ کی تعداد میں کمی ہوئی ، وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ کے دوران پاکستانی طلبہ کی تعداد میں اضافے کی بات کی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے میں کوشش کی جائے گی کہ پاکستانی طلبہ کی تعداد چین میں باقی کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہو ۔ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک پرکام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے مفاہمت کی باہمی یادداشت پر دستخط کا بھی امکان ہے ۔
واضح رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہبازشریف کو ثمر قند میں اس دورے کی دعوت دی تھی ۔ وزیراعظم شہبازشریف اس دورہ میں چینی صدر ، وزیراعظم اور سرمایہ کاروں کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کریں گے جبکہ چینی وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے جس میں سی پیک منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لے کر آگے بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چین کے ساتھ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں اصلاحات پر بھی بات ہوگی تاکہ مستقل ممبران کی اجارہ داری کی جگہ جمہوری اصولوں کو نافذ کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر وزرا بھی وزیراعظم کے ساتھ ہوں گے