اسلام آباد(اُمت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں کل گروپ ون میں 2 میچز کھیلے جائیں گے، افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی جبکہ ایک اہم مقابلہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
ایونٹ میں یہ دونوں میچز برسبین میں کھیلے جائیں گے، گروپ ون کے سلسلے میں پہلا مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے افغانستان اور سری لنکا کے درمیان ہورہا ہے۔
دونوں ٹیموں کے 3،3 میچز کے بعد صرف 2 ،2 پوائنٹس ہیں، دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل تک پہنچنے کی اُمیدوں کو زندہ رکھنے کے لیے نہ صرف آپس میں ہونے والا مقابلہ جیتنا ہوگا بلکہ گروپ کا پانچواں اور آخری میچ بھی جیتنا ہوگا۔
ایونٹ میں افغانستان کا پانچواں مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ سری لنکا کو انگلینڈ سے کھیلنا ہے۔
دن کا دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق 1 بجے ہوگا جو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان ہے، انگلینڈ کو اگر سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنا ہے تو اس میچ میں لازمی فتح حاصل کرنا ہوگی۔