کامران اکمل کاپشاور زلمی سے علیحدہ ہونےکا باضابطہ اعلان

لاہور(اُمت نیوز)تجربہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی کو خیرباد کہہ دیا، تاہم آئندہ ایونٹ کے ڈرافٹ کی دستیابی سے متعلق بھی بتادیاہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کامران اکمل نے پشاور زلمی سے علیحدہ ہونے کا باضابطہ اعلان کیا۔
کامران نے تحریر کیا کہ الوادع کہنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، پشاور زلمی کے ساتھ 7 سال کا یہ سفر انتہائی شاندار رہا۔
اپنے پیغام میں کامران اکمل نے کہا کہ ہمیشہ میرے اچھے اور برے وقت میں میری حمایت کرنے پر شکرگزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر بھروسہ کرنے کے لیے میں تمام لوگوں کا شکرگزار رہوں گا۔
کامران اکمل نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی، ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم، کوچ ڈیرن سیمی اور کپتان وہاب ریاض کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اپنے ایک اور پیغام میں کامران اکمل نے بتایا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے ڈرافٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے تحریر کیا کہ دیکھتے ہیں کہ پی ایس ایل 8 میں کونسی فرنچائز میرا انتخاب کرتی ہے۔