عمران خان پر قاتلانہ حملے
مظاہرین کی جانب سے گیٹ پر آتش زنی کی گئی۔فائل فوٹو

عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف احتجاج،جلائو گھیرائو،شیلنگ

اسلام آباد؛پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے،مختلف شہروں میں پر تشدد مظاہرے کیے جا رہے ہیں،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

 پنجاب بھر میں وکلا نے جزوی ہڑتال کی جبکہ مختلف شہروں میں احتجاج کیا جارہا ہے۔کراچی سٹی کورٹ میں بھی وکلا نے احتجاج کیا، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی مظاہرے کئے گئے، کوئٹہ میں شٹرڈاون ہڑتال کی جارہی ہے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے فیض آباد انٹر چینج کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے ، مظاہرین کی جانب سے پولیس اور ایف سی پر پتھراﺅ کیا گیا جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی اور وقفے وقفے سے شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے ،فی الحال مظاہرین کو منتشر کر دیا گیاہے جبکہ اب مظاہرین مری روڈ پر اکھٹا ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے 5 کارکنان کو حراست میں بھی لیا گیاہے ۔

فیض آباد کے مقام پر سیکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین میں تصادم،لاہور میں گورنر ہائوس پر آتش زنی، پنجاب بھر میں وکلا کی جزوی ہڑتال

لاہور میں گورنر ہاؤس پنجاب کے دروازے پر پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج اورآتش زنی کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہنے کے بعد اب پولیس نے وہاں سے مظاہرین کو منتشر کر دیا ہے تاہم مظاہرین اب بھی مال روڈ پر جمع ہیں اور سڑک بلاک کیے ہوئے ہیں،ٹائر نذر آتش کر رہے ہیں۔ مشتعل مظاہرین نے گورنر ہاﺅس کے گیٹ کے باہر لگی لائٹس اور سیکیورٹی کیمرے توڑ دیے ہیں۔

 کچھ مظاہرین نے گیٹ پھلانگنے کی بھی کوشش کی ہے جنھیں گارڈز نے اندر سے بند کر رکھا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے گیٹ پر آتش زنی کی گئی۔

عمران خان پر حملے کے خلاف کوہاٹ میں پی ٹی آئی کارکنان احتجاج کر رہے ہیں اور مظاہرین نے کوہاٹ ٹول پلازہ کے مقام پر سڑک بلاک کر دی ہے۔بنوں کے میران شاہ روڈ پرمظاہرین نے ٹائر جلا کرسڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا، میاںوالی میں بھی کھلاڑی سڑکوں پر نکل آئے۔ پشاور میں بھی موٹروے پرٹول پلازہ کے قریب احتجاج جری ہے،کارکنوں دریاں بچھا کر لیٹے ہوئے ہیں کچھ گاڑیاں تریفک میں پھنسی ہوئی ہیں۔

عمران خان کے آبائی شہر میانوالی میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا۔ انہوں نے شہرکے وٹا خیل چوک کے تمام ایگزٹ پوائنٹس کو ٹائر جلا کر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔

کراچی میں شاہراہ فیصل پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ریلی گورنر ہائوس یا وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب رواں ہے،پولیس نے ریلی کو ایف ٹی سی پر روکنے کی کوشش کی لیکن مظاہرین کو روکنے میں ناکام رہی۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی کی جانب مظاہرین جمع ہیں جن میں کچھ لوگ ڈنڈے، غلیلیں اور پتھر اٹھائے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق احتجاج کی وجہ سے مری روڈ پر فیض آباد سے پہلے ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے اور متبادل کے طور پر اسلام آباد ہائی وے اور اسٹیڈیم روڈ استعمال کی جا سکتی ہے۔

پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان مظاہرین میں اسلحہ بردار بھی موجود ہو سکتے ہیں جبکہ راولپنڈی سے مظاہرین اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔

واضع رہے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے نماز جمعہ کے بعد ملک گیراحتجاج کا اعلان کیا تھا، انکا کہنا ہے کہ عمران خان کا مطالبہ پورا ہونےتک احتجاج جاری رہےگا۔