اسلام آباد:حکومت نے ریاست اور اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے الزام میں ایف آئی اے کو عمران خان، شاہ محمود اور دیگر رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا اختیار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا سمیت اجتماعات میں حکومت، ریاستی اداروں اور شخصیات کے خلاف الزامات و پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو اکسانے کے جرم میں حکومت نے ایف آئی اے کو پاکستان پینل کوڈ کی سکیشن 505 کے تحت کارروائی کا اختیار دے دیا۔حکومت نے اسی اختیار کے تحت عمران خان، شاہ محمود قریشی اور دیگر افراد کے خلاف ایف آئی اے کے ذریعے انکوائری کروا کر قانونی کاروائی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف آئی اے کو یہ اختیار دینے کے لیے وفاقی حکومت نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے رجوع کرنے پر ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی تھی۔ اب ایف آئی اے کو کسی بھی ایسے شخص کے خلاف پی پی سی سیکشن 505 (عوامی فساد کا باعث بننے والا بیان) کے تحت کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا جو سوشل میڈیا یا کسی بھی فورم پر ’’ریاستی اداروں کے خلاف افواہیں اور غلط معلومات‘‘ پھیلانے میں ملوث ہوگا۔