اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں کرسچن ٹرنر نے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
دونوں شخصیات کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ شیوننگ اسکالرشپ میں پاکستانی طلباء کی تعداد سالانہ 80 سے 150 کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے اہمیت کی حامل اسکالرشپ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تاریخی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کو حکومت کے اقتصادی ایجنڈے اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام لانا ہے، سیلاب کے پاکستانی معیشت پر منفی اور گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے شیوننگ اسکالرشپ میں پاکستانی طلبا کی تعداد بڑھانے کے سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
انہوں نے حالیہ سیلاب میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔