کراچی : شہر قائد میں روزانہ 300 پستول اسمگل ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن کا لائسنس بھی مل جاتا ہے۔سی ٹی ڈی انچاج راجہ عمر خطاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے اسلحہ اسمگل اور فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا ہے جو اسلحہ کی خرید و فروخت واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعے کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے اور انتہائی اعلیٰ کوالٹی کے 18 پستول برآمد کئے گئے ہیں۔ اسلحہ پشاور سے آن لائن کراچی سمگل کیا جاتا تھا۔
راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ملزمان مختلف طریقوں سے غیر قانونی اسلحہ کراچی لاتے ہیں اور انکشاف ہوا ہے کہ اسلحہ اور اس کا لائسنس بھی مل جاتے ہیں لیکن لائسنس جعلی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث گروہ ایک دن میں 300 کے قریب پستول کراچی پہنچاتے ہیں جبکہ اسمگلرز منظم انداز سے اسلحہ اور جعلی لائسنس فروخت کر رہے ہیں۔