سندھ کے نجی تعلیمی اداروں میں چلڈرن ویک منایا جائیگا، رفیعہ جاوید

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بچوں کے تحفظ، غذائیت، صحت، تعلیم اور دیگر مساوی حقوق کا شعور اجاگر کرنے کے لئے یونیسف کے اعلان کے مطابق ہر سال 20 نومبر کو بچوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس سال ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ نے وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بچوں کے حساس اور اہم بنیادی حقوق و فرائض اور سنگین مسائل کے حل کی با مقصد عملی کوشش اور ترغیب دینے کے لئے تاریخ میں پہلی بار سندھ کے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں 14 تا 19 نومبر تھیم بیسڈ چلڈرن ویک منعقد کیا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں چار روزہ مرکزی پروگرامز پیر 14 نومبر سے جمعرات 17 نومبر سندھ بوائے اسکاوٹ ایسوسی ایشن کے صوبائی ہیڈکوارٹرز کراچی کے آڈیٹوریم میں صبح 10:30 سے 12:30 بجے تک ،آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیے جائیں گے۔

 ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ پروفیسر رفیعہ جاوید اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی نے اپنے مشترکہ بیان میں اس کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے کسی صوبے کی سطح پر پورا ایک ہفتہ بچوں کے حساس اور سنگین مسائل کے حل کی ٹھوس عملی سرگرمیوں اور شعور بیداری کی مہم کے حوالے سے منایا جا رہا ہے۔ ان چار دنوں میں روزانہ ایک موضوع/ تھیم بیسڈ آگہی مہم اور بچوں، اساتذہ اور والدین کے لئے مختلف دلچسپ سرگرمیاں ہوں گی۔پیر 14 نومبر کو افتتاحی پروگرام میں بچوں کو بلنگ Bullying ہراسمنٹ اور جسمانی سزا کے خلاف۔گفتگو اور سرگرمیاں ہوں گی۔جبکہ منگل 15 نومبر کو بچوں میں ڈرگز اور دیگر عادتوں کے بڑھتے ہوئے رجحان، نقصانات اور سدباب پر مکالمہ اور سرگرمیاں ہوں گی۔ بدھ 16 نومبر کو والدین اور اسکولز کے درمیان مضبوط عملی تعلق کے حوالے سے بات چیت اور سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ جبکہ جمعرات 17 نومبرکو بذریعہ تعلیم بچوں کو یونیورسل سیٹیزن شپ کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے بحث و مباحثہ اور سرگرمیاں کی جائیں گی۔جبکہ 19 نومبر بروز ہفتہ صبح 9 بجے سے سہ پہر تین بجے تک پی اے ایف میوزیم میں 15 ہزار بچوں کا گرینڈ کارنیول منعقد کیا جائے گا جس میں بچوں کے لیے بہت ساری دلچسپ اور تفریحی سرگرمیاں ہوں گی۔