آرمی چیف کی تعیناتی کا اختیار وزیراعظم کا ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا اختیار وزیراعظم کا ہے، مشاورت جتنی زیادہ ہوگی اتنا ہی بہتر ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آنے والے چند دنوں میں فیصلہ سامنے آجائے گا، سمری میں جو بھی نام جائیں گے، صوابدید وزیر اعظم کی ہے۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ تین سے چار جو سینئر ہیں، ان میں سے کسی کے ساتھ کسی کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ ڈی جی آئی کی ڈیوٹی اس نوعیت کی ہے کہ وہ میٹنگز میں ملتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میراخیال ہے کہ اس بارے میں وزیراعظم کافی کام کر چکے ہوں گے، آنے والے چند دنوں میں فیصلہ سامنے آجائے گا۔
اپنی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ میرے دل کی دھڑکن کی رفتار تیز ہو جاتی ہے، دل کی دھڑکن حد میں رکھنے کیلئے پروسیجرکیا گیا، ڈاکٹر نے کہا یہ پروسیجر دل کی حفاظت کے لیے کیا۔
رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ میں آج صبح اسپتال سے واپس آیا ہوں۔