اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک فوج کی حمایت میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کر لی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے دوران مختلف معاملات پر بحث کی گئی، اسی دوران ملتان سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے قومی اسمبلی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں قرار داد پیش کی۔
پی ٹی آئی کے رکن کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، اس کے بعد اجلاس جمعہ صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
اس سے قبل اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اور وزیر ہوا بازی سکھر اور ڈی آئی خان ایئرپورٹس کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا اعلان کردیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعدرفیق کا کہنا ہے کہ سکھر اور ڈی آئی خان ایئرپورٹس کی اپ گریڈیشن کیلئے ابتدائی کام مکمل ہوچکا ہے۔ ماضی میں سیاسی بنیادوں پرایئرپورٹ بنائےگئے، سیاسی بنیادوں پرایئرپورٹ نہیں بننے چاہئیں، کہا کراچی ایئرپورٹ کے رن وے کو بھی اپ گریڈیشن کرنے جارہے ہیں۔