کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے کہا ہے کہ پاکستان نے فضائی و زمینی آلات اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بہترین جدت دنیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے فخریہ طور پر دفاع کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے ساتھ خود انحصاری کی منزل حاصل کرلی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو کراچی ایکسپو سینٹر میں دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز 2022کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی مسابقت کے باوجود دنیا میں ہم آہنگی اور امن کے داعی ملک کی حیثیت سے ہمیشہ اس آفاقی نظریے کو مقدم رکھا ہے کہ ہتھیار امن کی ضمانت ہیں۔اختتامی تقریب میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد عارف ملک ہلال امتیاز(ملٹری)، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈیپو برگیڈیئر نود اعظم چیمہ، ڈائریکٹر میڈیا ڈیپو کموڈور محمد طاہر ستارہ امتیاز(ملٹر) اور بدر ایکسپو سلوشنز کے سی ای او زوہیر نصیر نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا کہ آئیڈیاز 2022ہماری دفاعی مصنوعات کا شوکیس تھا جو بین الاقوامی سطح کے میگا ایونٹ کے انقاد کی ہماری صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے جس سے خطے میں سیکیوریٹی سے متعلق ہمارے نکتہ نظر کو ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کیا گیا۔اس ایونٹ نے دفاعی صنعت کے نجی اور سرکاری شعبوں کو ان کی مصنوعات کی نمائش کے ساتھ ترقی یافتہ دفاعی صنعت کے ساتھ ملاقات کے منفرد مواقع مہیا کیے جس سے پاکستان کے دفاعی و سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملی۔انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2022 کے مروجہ ماحول میں کامیابی سے انعقاد نے دنیا کے سامنے پاکستان کی ایک جدید اور ترقی کرتی ہوئی رواداری اور تحمل پر کاربند ریاست کی تصویر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا جو عالمی برادری کے ساتھ بقائے باہمی کے اصولوں پر امن کی خواہاں ہے۔میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آئیڈیاز 2022 کے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کرلیے گئے۔ نمائش میں 64ملکوں کے 285 غیرملکی دفاعی مندوبین نے شرکت کی جس سے اس نمائش کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ نمائش میں 30سے زائد مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی مندوبین اور غیرملکی نمائش کنندگان نے نمائش کے دوران پرسکون طریقے سے قیام کیا جس سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے جو اس طرح کے بڑے ایونٹ احسن انداز میں منعقد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر میجر جنرل محمد عارف ملک نے بھی میڈیا کو بریفنگ دی اور پاکستان دفاعی پیداوار میں کئی دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔ ملکی سطح پر تیار کی جانے والی ہماری نمایاں اور اہم دفاعی مصنوعات آئیڈیاز 2022میں پیش کی گئیں جن میں جنگی ٹینک الخالد، الضرار، جے ایف 17تھنڈر جنگی طیارے، آرمڈ پرسنل کیریئرز اور مسلح ڈرونز شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز 2022میں ہمیں ترکی، چین، نارتھ کوریا، جنوبی امریکا، یورپ، ایشیاء اور فار اسیٹ سے بہترین رسپانس ملا۔ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن نے شو کو احسن طریقے سے منعقد کرنے پر بدر ایکسپو سلوشنز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ بہت دیرپا اور وسیع اثرات کا سبب بنے گی اور جلد ہی جاری عمل پورا ہونے کے بعد دفاعی سودے بھی حتمی شکل اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ معیار کی دفاعی مصنوعات تیار کررہا ہے جو لاگت اور معیار دونوں لحاظ سے بین الاقوامی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر نمائش کنندگان کو ایوارڈز اور سرٹیفکیٹ پیش کیے گئے۔