کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئیڈیازکی اختتامی تقریب میں بین الاقوامی مندوبین کو تین کیٹگریز میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے ، 100یا اس سے زیادہ اسکوائر میٹرز اسپیس کیٹگری میں پہلا ایوارڈ ہوڈسن کمپنی نے جیتا ۔سی ٹیک انیٹرنیشنل کو لمیٹڈ کو دوسرا جبکہ لورنکو لمیٹڈ کو تیسرا ایوارڈ دیا گیا ۔50سے 99اسکوائر میٹر اسپیس کیٹگری میں بھی تین کمپنیوں کو ایوارڈ تقسیم کیے گئے ۔پچاس یا اس سے کم اسکوائر میٹر اسپیس کیٹگری میں بھی تین مختلف کمپنیوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سیکریٹری دفاعی پیداوار ڈیویزن لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے قومی کمپنیوں میں بھی تین کیٹیگریز میں ایوارڈز تقسیم کیے۔اس موقع پر ڈی جی ڈیپو میجر جنرل عارف ملک نے ملکی اور بین الاقوامی تمام مندوبین کا آئیڈیاز میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئیڈیاز کورونا کی عالمی وبا کے سبب چار سال بعد منعقد کی گئی ،ہمیں دوسرا چیلنج پاکستانی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا بھی سامنا تھا،آپ سب کی شرکت کے بنا آئیڈیاز کا انعقاد ممکن نہ تھا ،آئیڈیاز کے گیارہویں ایڈیشن میں اسپیس بکنگ میں نئے ریکارڈز بنے ہیں۔
انہوں نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ 2018 میں 14 ایم او یوز سائن ہوئے تھے ،اس سال 30سے زائد ایم او یوز سائن ہوئے ہیں۔گزشتہ مرتبہ 330 مندوبین کے مقابلے میں اس سال 450 مندوبین نے شرکت کی ۔اس سال 60 فیصد غیر ملکی مندوبین شریک ہوئے ،گزشتہ مرتبہ 43 ممالک کی وفود آئے اس بار 57 ممالک کی وفود آئے ،گزشتہ مرتبہ 83 وفود موجود تھے اس سال 95 وفود موجود تھے۔
ایم او یوز جو سائن ہوئے اس میں کچھ مہینوں میں جاکر فائنل ہوتے ہیں ۔سیکریٹری دفاعی پیداوار ڈیویزن لیفٹننٹ جنرل(ریٹائرڈ) ہمایوں عزیز نے کہا کہ آئیڈیاز کی کامیابی یہ ہے کہ اس سال پہلے سے زیادہ کمپنیاں بین الاقوامی مندوبین شریک ہوئے ۔