ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو عام انتخابات میں شکست

ملائیشیا کے سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو 53 سالہ سیاسی کیرئیر کے دوران پہلی مرتبہ عام انتخابات میں شکست ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 97 سالہ مہاتیر محمد کو 1969 کے بعد پہلی بار شکست کاسامنا کرنا پڑا،وہ 4 ہزار566 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے۔

سابق ملائیشین وزیراعظم لنگکاوی جزیرے کے حلقے میں اپنی پارلیمانی نشست برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور چوتھے نمبر پر آئے۔یہ نشست پیریکاتن اتحاد کے امیدوار محمد سہیمی عبداللہ نے جیتی، جس کی قیادت ایک اور سابق وزیر اعظم محی الدین یاسین کر رہے ہیں۔

مہاتیر نے رواں ماہ رائٹرز کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کہ اگر میں الیکشن ہار گیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، کیونکہ مجھے نہیں لگتا کہ میں 100 سال عمر میں بھی سیاست میں اس طرح سے متحرک رہ سکوں گا۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسی دوران میں اپنا سیاسی تجربہ جماعت کی نوجوان قیادت کو منتقل کروں گا۔