مریم نواز اور میاں نواز شریف(فائل فوٹو)
مریم نواز اور میاں نواز شریف(فائل فوٹو)

نواز، مریم سمیت لندن میں مقیم شریف فیملی یورپ کی سیر کو روانہ

مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم، نواسا جنید صفدر اور  بیٹا حسین نواز لندن سے یورپی ممالک کی سیر کو چلے گئے

ذرائع کے مطابق اگلے دس دنوں میں نواز شریف اور ان کی فیملی پانچ یورپی ممالک کا دورہ کریں گے۔

شریف  فیملی کے یہ ارکان گزشتہ رات ایک یورپی ملک پہنچے ہیں تاہم میڈیا کو ان کی منزل سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ ملک کے مخصوص سیاسی حالات کے پیش نظر اچانک سامنے آنے والی اس خبر سے قیاس آرائیاں جنم لینے لگیں، مبصرین کا کہنا ہے کہ  آرمی چیف کی تقرری کے فیصلہ کن مرحلے پر دس دن کیلئے نواز شریف اور مریم نواز کا یوں سیاسی  منظرنامے سے  اچانک غائب ہونا معنی خیز ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ برطانیہ میں اچانک اور غیر متوقع توسیع پر بھی چہ میگوئیاں شروع ہو گئی تھیں حالانکہ انہوں نے بتایا تھا کی لندن میں ان کے قیام میں توسیع کرونا میں مبتلا ہونے کے سبب ہوئی ہے۔

دوسری طرف خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بریک  شریک خاندان کیلئے ضروری تھا جو اس سے پہلے پاکستان میں پی ٹی آئی حکومت کے ہوتے ہوئے ممکن نہیں تھا، اب فیملی سیر و تفریح کیلئے یورپ کے مختلف شہروں کا دورہ کرے گی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مریم نواز شریف کئی روز سے لندن میں موجود ہیں اوروالد کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔

ادھر سابق وزیراعظم نواز شریف نے برطانوی ہوم آفس سے اپنی اپیل واپس لے لی ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اپیل ہوم آفس میں زیر التوا تھی، ابھی تک جج نے اپیل نہیں سنی تھی اور مختلف تاریخیں  دی جا رہی تھیں۔

قبل ازیں برطانیہ چھوڑے بغیر قیام میں توسیع کی درخواست ہوم آفس نے مسترد کردی تھی اور نواز شریف نے فیصلے کے خلاف برطانوی ہوم آفس میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے قائد کو  برطانوی حکومت نے سفارتی پاسپورٹ جاری کر دیا تھا۔