دوحا: قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے ساتویں روز چار میچز کھیلے جائیں گے ، گروپ سی اور گروپ ڈی کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی ،ان میں سب سے اہم میچ ارجنٹینا اور میکسیکو کے درمیان ہوگا۔
سعودی عرب اپنے گروپ کا دوسرا میچ آج پولینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہوگا۔ گرین فالکنز نے دوحہ کے المدینہ التعلیمیہ سٹیڈیم میں ہونے والے اہم مقابلے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق سہہ پہر 3 بجے گروپ ڈی کا میچ تیونس اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا ۔ ارجنٹینا کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کی وجہ سے سعودی عرب کے مداح اپنی ٹیم سے بڑی اُمیدیں لگائے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پولینڈ کی ٹیم پہلا میچ میکسیکو سے ڈرا کھیلنے کے سبب کچھ مشکل میں ہے، اس میچ میں اُس کو کامیابی درکار ہے۔
گروپ ڈی میں دفاعی چیمپئن فرانس اور ڈنمارک رات 9 بجے مدمقابل آئیں گے، فرانس نے اپنا پہلا میچ چار ایک سے آسٹریلیا کے خلاف جیتا تھا جبکہ ڈنمارک کا پہلا مقابلہ ڈرا رہا تھا۔
پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے گروپ سی کا اہم میچ ارجنٹینا اور میکسیکو کے درمیان ہوگا، اس میچ میں ارجنٹینا کی ٹیم جیت کیلئے کوشش کرے گی کیونکہ سعودی عرب سے پہلا میچ ہارنے کی وجہ سے اُس کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔
دوحہ کے لیوسل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح اپنے نام کی تھی۔