اسلام آباد: نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی فاسٹ باؤلر نکلے، پرانے محلے داروں نے بتایا وہ بہت تیز باؤلنگ کرتے تھے۔راولپنڈی کے علاقے ڈھیری حسن آباد سے تعلق رکھنے والے جنرل عاصم منیرپاکستان کی فوج کے اُن افسران میں سے ہیں جو آفیسر ٹریننگ اسکول (او ٹی ایس) کے ذریعے آرمی آفیسر بنے۔
ان کا تعلق منگلا کے 17ویں او ٹی ایس کورس سے ہے۔ سینیئر صحافی حافظ طاہر خلیل کا جن کے والد حافظ خلیل احمد جنرل عاصم منیر کے اُستاد تھے، کا کہنا تھا کہ ’جنرل عاصم منیر ایک لائق طالب علم تھے اور جب وہ 1974ء میں میرے والد صاحب کے مدرسے میں قرآن مجید حفظ کرنے آئے تو انہوں نے صرف دو سال کے اندر قرآن حفظ کرکے اپنی ذہانت ثابت کر دی تھی۔‘ جنرل عاصم منیر کے والد سید سرور منیر راولپنڈی کے علاقے لال کڑتی کے سکول میں پرنسپل تھے۔
نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی فاسٹ باؤلر نکلے ، پرانے محلے داروں نے بتایا وہ بہت تیز باؤلنگ کرتے تھے 😄 pic.twitter.com/PBvBq45Xnr
— Hamid Mir (@HamidMirPAK) November 28, 2022
انہوں نے اپنے محلے میں مسجد بنوائی جہاں حافظ خلیل قران پڑھانے جایا کرتے تھے۔ اہلِ محلّہ کے مطابق جنرل عاصم منیر کا خاندان ’حفّاظ کا خاندان‘ مشہور تھا۔ ان کے دونوں بھائی قاسم منیر اور ہاشم منیر بھی حافظِ قران ہیں۔‘ حافظ طاہر خلیل کا کہنا ہے کہ ’میرے والد اور جنرل عاصم کے والد گہرے دوست تھے اور دونوں نے طے کیا تھا کہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے قبل قرآن حفظ کرانا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ جنرل عاصم نے قرآن مجید مکمل کر کے اسکول میں داخلہ لیا تھا۔‘ جنرل عاصم منیر کو فرنٹیر فورس ریجمنٹ کی 23 ویں بٹالین میں کمیشن ملا تھا۔ وہ اپنی ترقی اور موجودہ تعیناتی سے قبل ایک تھری اسٹار جنرل کے طور پر کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پرجی ایچ کیو میں تعینات تھے۔ انہیں ستمبر 2018ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی تاہم انہوں نے 27 نومبر 2018ء کوپاکستان کی انٹیلی جینس ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر چارج سنبھالا تھا۔
ان کا آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر دور تاریخ میں مختصر ترین سمجھا جاتا ہے اور صرف نو ماہ بعد ہی انہیں اچانک 2019ء میں کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کر دیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس اور فورس کمانڈر نادرن ایریاز کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بطور لیفٹیننٹ کرنل سعودی عرب میں بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ سینئیر صحافی ماجد نظامی کے مطابق پاکستان کی عسکری تاریخ میں جنرل عاصم منیر پہلےآرمی چیف ہیں جو 2 انٹیلی جنس ایجنسیوں (آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس) کی سربراہی کر چکے ہیں۔ مزید یہ کہ وہ پہلے کوارٹر ماسٹر جنرل ہیں جوآرمی چیف بنے ہیں ۔