پی سی بی

راولپنڈی ٹیسٹ کے حوالے سے فیصلہ آج صبح کیا جائے گا: پی سی بی

لاہور ( اُمت نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے حوالے سے فیصلہ جمعرات کی صبح 7:30 بجے کیا جائے گا۔
انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی طبیعت ناسازی پر پی سی بی اور ای سی بی کا اجلاس ہوا، دونوں بورڈز نے فیصلہ کیا کہ ٹیسٹ میچ کے حوالے سے فیصلہ ابھی نہیں بلکہ صبح کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق دونوں بورڈز نے فیصلہ ای سی بی میڈیکل پینل کی ہدایت پر کیا، اگر انگلش کھلاڑی فٹ قرار نہ پائے تو راولپنڈی ٹیسٹ جمعہ سے شروع ہوگا، راولپنڈی ٹیسٹ 5 روزہ ہی ہوگا اور کراچی اور ملتان ٹیسٹ کی تاریخیں بھی تبدیل نہیں کی جائیں گی۔
پی سی بی نے کہا کہ دونوں بورڈز نے انگلینڈ کے ڈاکٹروں کے مشورے کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے جو کھلاڑیوں کے صحت اور بہتری کے حوالے سے ہے تاکہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز میں شامل پہلے ٹیسٹ کے لیے اپنی 11 رکنی ٹیم کا انتخاب کر پائے۔
پی سی بی نے کہا کہ دونوں بورڈز نے اتفاق کرلیا ہے کہ انگلینڈ کے کھلاڑی جمعرات کو صبح تک کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہوتے ہیں تو پھر ٹیسٹ جمعے کو شروع ہوگا اور 5 روزہ میچ ہوگا۔
بورڈ نے بتایا کہ اس صورت میں ملتان اور کراچی میں شیڈول بالترتیب دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور شیڈول کے مطابق کھیلے جائیں گے۔
ملتان میں دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 دسمبر اور کراچی میں تیسرا ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک شیڈول ہے۔
پی سی بی نے پہلے ٹیسٹ کے ٹکٹوں کے حوالے سے بھی وضاحت نہیں کی اور بتایا کہ جمعرات کو صبح اس حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔