اسلام آباد(اُمت نیوز)بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز میں صرف 4 دن باقی ہیں، تاہم پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم اب بھی بھارتی ویزوں کی منتظر ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارت میں منعقدہ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب 5 دسمبر کو دہلی میں ہونا ہے جبکہ پاکستان ٹیم کی 4 دسمبر کو بھارت روانگی شیڈول ہے۔
ایونٹ میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے اپنا پہلا میچ 6 دسمبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف دہلی میں کھیلنا ہے۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 7 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ اسکواڈ کے آج بھی ویزے جاری نہیں کیے گئے، ایک ماہ قبل اسکواڈ کے نام جبکہ ایک ہفتہ پہلے پاسپورٹ جمع کروائے گئے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھلاڑیوں، منیجمنٹ کے اراکین اور سابق کھلاڑیوں پر مشتمل 33 افراد کے تاحال ویزے جاری نہیں ہوئے۔
سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ نے بھارت کو میزبانی اس شرط پر دی تھی کہ تمام ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان رینکنگ میں پہلے نمبر کی ٹیم ہے، شرکت کو یقینی بنانا چاہیے، ابھی بھی امید ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے پر کل ویزے جاری ہوجائیں۔
واضح رہے کہ سید سلطان شاہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کے صدر بھی ہیں۔