سینیٹ نشست دستبردار

ایم کیوایم کے امیدوارسینیٹ کی نشست سے دستبردار

کراچی (امت نیوز)پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے سے خالی ہونے والی نشست پر پی پی امیدوار کے حق میں ایم کیوایم کے امیدوار دستبردار ہو گئے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے سے خالی ہونے والی نشست پر آج کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن ہے، کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری روز ایم کیو ایم پاکستان کے تینوں امیدوار احمد سلیم صدیقی، محمد طارق منصور، سبین غوری اور پیپلز پارٹی کے امیدوار عاجز دھامرا نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں۔
چاروں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی غیر حتمی غیر سرکاری طور پر بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔
وقار مہدی کے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن آف پاکستان جاری کرے گا، سینیٹ کی خالی نشست پر 8 دسمبر کو انتخاب ہونا تھا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان سے اپنے امیدوار دستبردار کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اس نشست کے لیے صرف ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جبکہ تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی جانب سے ایک بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے تھے۔
کراچی میں الیکشن کمیشن کے باہر سعید غنی اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ وقار مہدی بلامقابلہ منتخب سینیٹر ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیل کا تاثر دینا بالکل غلط ہے، پیپلز پارٹی کی یہ سیٹ تھی، ایم کیو ایم سے حلقہ بندیوں اور دیگر معاملات پر بات چیت جاری ہے، ایڈمنسٹریٹرشپ اور سینیٹرشپ کی بات ہو رہی ہے، جی ڈی اے نے بھی کوئی فارم جمع نہیں کرایا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو سندھ میں بھی اپنے ساتھ آنے کی پیشکش کی ہے، 4 ڈویژن میں الیکشن ہوئے ہیں ہم بلدیاتی الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کےرہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا