کراچی (اُمت نیوز)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت صدیق میمن اسپورٹس کمپلیکس، سندھ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن گلشن اقبال میں پاکستان انٹر بورڈ بیڈمنٹن گرلز چیمپئن شپ 2022-23کا فائنل مردان بورڈ نے جیت لیا جبکہ دوسری پوزیشن پرمیزبان میٹرک بورڈ کراچی رہا۔ پیر کے روز کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں مردان بورڈ نے لاہور بورڈ کو اور کراچی بورڈ نے انٹر بورڈ کراچی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔ فائنل میچ میں مردان بورڈ اور میٹرک بور ڈکراچی کی ٹیموں کے درمیان اچھا کھیل دیکھنے کو ملا اور سخت مقابلے کے بعد فائنل کی ٹرافی مردان بورڈ نے جیت لی۔ چمیپئن شپ میچ میں تیسری پوزیشن کیلئے بھی مقابلہ ہوا جو انٹر بورڈ کراچی کے نام رہا۔ اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے چیمپئن شپ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافی، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں انہوں نے کہا کہ میٹرک بورڈ تعلیمی اسناد کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے میں طلباء وطالبات، اساتذہ کرام، ٹیم منیجرز، آرگنائزر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے پاکستان بھر کے تعلیمی بورڈز اور طالبات کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس چیمپئن شپ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔ بعد ازاں بورڈ کی ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ اور اسپورٹس حور مظہر نے بھی فائنلسٹ ٹیم مردان بورڈ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میٹرک بورڈ آئندہ بھی اس طرح کے کھیلوں کا انعقاد ضرور کرے گا تمام تعلیمی بورڈز سالانہ کھیلوں کا انعقاد کر کے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی ضرور کریں۔ واضح رہے کہ اس چیمپئن کا آغاز 10دسمبر کو ہوا تھا جو 4روز تک جاری رہاجس میں ملک بھر سے تقریباً10 ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈز کی ٹیموں نے شرکت کی جن میں لاہور بورڈ، پنجاب ٹیکنیکل بورڈ لاہور، اسلام آباد بورڈ، مردان بورڈ، مالاکنڈ بورڈ، لاڑکانہ بورڈ، سکھر بورڈ، انٹر بورڈ کراچی، میٹرک بورڈ کراچی، سندھ ٹیکنیکل بورڈ کراچی شامل تھیں،چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے آرگنائزر اور طالبات نے اچھی رہائش،پک اینڈ ڈراپ اور دیگر کاموں کے حوالے سے میٹرک بورڈ انتظامیہ کی تعریف کی اوران خوشگوار لمحوں کے ساتھ کراچی میں خوب انجوائے بھی کیا۔