محمد حفیظ نے تیسرے ٹیسٹ میں سرفراز احمد کو کھلانے کا مشورہ دیدیا

لاہور (اُمت نیوز) سابق کپتان شاہد آفریدی کے بعد محمد حفیظ نے بھی تیسرے ٹیسٹ میں سرفراز احمد کو کھلانے کا مشورہ دے دیا۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین سال سے محمد رضوان کرکٹ ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر ٹیم میں شامل ہیں، وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں لیکن ہم انہیں مسلسل کھلانے کی غلطی کر رہے ہیں۔ میں نے بابراعظم کو تجویز دی ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میں محمد رضوان کو آرام دے۔
محمد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ کامران اکمل کے کیس میں یہی غلطی ہوئی، انہیں تینوں فارمیٹ پر بغیر آرام کے کھلایا گیا جس نے انہیں نقصان پہنچایا۔ ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کی تکنیک قابل تعریف ہے، وہ شاندار پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترے اور کامیاب بھی رہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ سرفراز تین سال سے ٹیم کے ساتھ ہیں لیکن انہیں کھلایا نہیں جاتا، انہیں کئی جگہوں پر کھلایا جاسکتا ہے، اب بھی یہ لگ رہا ہے کہ پی سی بی یا بابر کو سوچنا چاہیے اگر رضوان کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی اچھی نہیں تو انہیں بریک دے کر سرفراز یا کسی اور آپشن پر غور کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعود شکیل اور ابرار احمد کے طور پر بہترین کھلاڑی ملے، ورلڈ کپ سے قبل جب انگلینڈ نے وائٹ بال سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا تو تب ہی ابرار کو کھلانا چاہیے تھا تاکہ اسے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر اپنا کھیل پیش کرنے کا موقع ملتا۔