اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ آج سُنایا جائے گا۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے پیر 12 دسمبر کو الیکشن کمیشن کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے لئے گزشتہ ماہ مقامی عدالت سے رجوع کیا تھا اور دلائل میں مؤقف اپنایا تھاکہ عمران خان کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب ہوئے فوجداری کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 21 اکتوبر کو توشہ خانہ کیس میں نااہل قرار دیتے ہوئے فوجداری کارروائی کرنے کا کہا تھا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمران جماعت کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔
ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف کو فروخت کرکے جو آمدن حاصل کی اسے اثاثوں میں ڈکلیئر نہیں کیا۔