ارجنٹینا(اُمت نیوز)ارجنٹینا کی پولیس نے حال ہی میں ایک فٹبال کے شوقین شہری کو مسافروں سے بھری بس ہائی جیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
شہری کی اس حرکت کا مقصد فٹبال کے عالمی کپ میں کروئشیا کے خلاف اپنے ملک کی ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے بروقت گھر پہنچنے کو یقینی بنانا تھا۔
لیکن وہ اس میں ناکام رہا کیونکہ جیسے ہی وہ اپنے گھر کے قریب بس چھوڑ کر جانے لگا تو پولیس نے اسے دھر لیا۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا اس کرہ ارض پر ان چند ملکوں میں شامل ہے جہاں فٹبال لوگوں کے لیے مذہب جتنا اہم ہے۔ لوگوں کی زندگی میں فٹبال کا کھیل رچ بس گیا ہے، یہاں تک کہ وہ اپنے ملک کے فٹبال ہیرو ڈیگو میراڈونا کی پوجا تک کرتے ہیں۔
ایسے میں جب ارجنٹینا اس سال کے عالمی کپ فٹبال کے آخری مراحل میں کروئشیا کے خلاف سیمی فائنل میں پہنچا تو پورے ملک میں ایک عجب سا سماں تھا اور میچ کو مس کرنا ناقابل تصور معاملہ بن گیا تھا۔
13 دسمبر کو دارالحکومت بیونس آئرس کے علاقے سیوداد سانتا ماریا میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد اب 53 سالہ یہ شخص پولیس کی حراست میں ہے۔