کراچی (اُمت نیوز)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے کراچی میں شروع ہوگا۔
دونوں ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی، ایک طرف پاکستانی اوپنر امام الحق ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے، دوسری طرف اظہر علی کیرئیر کا آخری ٹیسٹ کھیلیں گے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کی، صبح کے سیشن میں پاکستانی ٹیم نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔
پاکستانی کیمپ سے ایک بری خبر یہ ہے کہ اوپنر امام الحق ہیمسٹرنگ کے باعث کراچی ٹیسٹ نہیں کھیلیں جبکہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے تجربہ کار بیٹر اظہر علی کا بھی کراچی ٹیسٹ کیرئیر کا آخری میچ ہوگا۔
ادھر انگلش بیٹرز لمبی لمبی ہٹنگ کی پریکٹس کرتے رہے، صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ کوچ برینڈن مکلم بھی اس مقابلے میں پیش پیش رہے، 15 منٹ چھکے لگانے کی پریکٹس کے بعد انگلش کھلاڑیوں نے نیٹ پر بولنگ اور بیٹنگ کی بھرپور مشق کی۔
انگلینڈ جسے سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اس نے تجربہ کار فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، امکان ہے کہ نوجوان اسپنر ریحان احمد فائنل الیون میں شامل ہوں۔